۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل

حوزہ/ انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے ترجمان اعلٰی مولانا مشتاق احمد حقنواز نے کہا کہ اس ماہ کا اہم ترین تقاضا یہ ہے کہ مسلمانوں کو متحد ہوکر معاشرے میں پھیلی بدعات، خرافات و منشیات کا قلع قمع کرنا چاہیئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سرینگر/ رمضان المبارک کا شایان شان استقبال کرنے کے لئے تمام مسلمانوں کو ماہ شعبان ہی سے تیار رہنا چاہیئے چونکہ ہمارے نبی اکرم (ص) نے شعبان کی آخری تاریخ کو رمضان المبارک کی خوش خبری دیتے ہوئے فرمایا ’’لوگو! تم پر ایک بہت عظمت و برکت کا مہینہ سایہ فگن ہونے والا ہے، جس میں خدا نے روزے فرض قرار دئے ہیں اور قیام لیل یعنی نماز اور عبادت اور ایک مہینہ جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے اور اس مہینے میں ایک فرض کو ستر فرضوں کے برابر ثواب دے گا‘‘۔

انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے چیئرمین سید شریف الحق بخاری نے کہا کہ ہم لوگوں سے ہاتھ جوڑ کر التجا کرتے ہیں کہ رمضان المبارک جیسے بابرکات مہینے کو حاصل کر کے اور اس کے روزے نہایت ذوق و شوق کے ساتھ حاصل کیجئے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اس دور میں تمام مسلمانوں اس بابرکت رمضان المبارک کی فضیلت سے آگاہ و باخبر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزہ ایک ایسی عبادت ہے کہ انسان روزہ رکھ کر اپنے ہر کام کو انجام دے سکتا ہے، روزہ رکھ کر صنعت و تجارت و زیارت ہر کام بخوبی انجام دے سکتا ہے، اس ماہ کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن مقدس کا نزول اسی پاک مہینے میں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روایات کے مطابق رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرہ عشرہ جہنم کی آگ سے نجات کا ہے۔ مفتی سید شریف الحق بخاری نے کہا کہ یہ مہینہ برکت، رحمت، محبت و ملنساری اور ھمدردی کا مہینہ ہے لہذا ہمیں چاہیئے کہ غریبوں، بیواوں اور یتیموں کے ساتھ ھمدردی کا اظہار کریں۔

اس دوران انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے وائس چیئرمین مفتی مدثر احمد قادری اشرفی نے کہا کہ حدیث مبارک میں ہے کہ رمضان ﷲ تعالٰی کا مہینہ ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ اس مبارک مہینے سے رب ذوالجلال کا خصوصی تعلق ہے جس کی وجہ سے یہ مبارک مہینہ دوسرے مہینوں سے ممتاز اور منفرد ہے۔ اس ماہ مبارک میں ایسے انداز میں عبادت کو فرض کے طور پر متعین فرما دیا گیا ہے کہ انسان اس عبادت کے ساتھ اپنی تمام ضروریات و حوائج میں بھی مصروف رہ سکتا ہے اور عین اسی خاص طریقہ عبادت میں بھی مشغول ہوسکتا ہے، ایسی خاص طریقہ کی عبادت کو روزہ کہا جاتا ہے، جسے اس ماہ میں فرض فرما دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام لوگوں سے ادب و احترام کے ساتھ استدعا کرتے ہیں کہ اس المبارک کو اپنے لئے باعث رحمت بنا کر حاصل کریں کیونکہ یہ گیارہ مہینوں کے لئے ایک عظیم کورس ہے جو ہمیں ان مہینوں میں زندگی بسر کرنے اور باقی عبادات کرنے کے لئے یاد دہنی کرتی ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے ترجمان اعلٰی مولانا مشتاق احمد حقنواز نے کہا کہ اس ماہ کا اہم ترین تقاضا یہ ہے کہ مسلمانوں کو متحد ہوکر معاشرے میں پھیلی بدعات، خرافات و منشیات کا قلع قمع کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام ہم سے انفرادی سے زیادہ اجتماعی معاملات کی تائید کرتا ہے۔ انہوں نے مسلمانان عالم سے گزارش کی کہ وہ قرآنی ماحول میں ملت سازی و باہمی اخوت و ملنساری کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے میں اپنا دینی و ملی فریضہ انجام دیں۔

ترجمان اعلی مولانا مشتاق احمد حقنواز نے مزید کہا کہ کشمیر کی سرزمین یہاں رونما ہونے والے خوفناک و درندانہ واقعات کی ہرگز اجازت نہیں دیتی ہے، انہوں نے سوئبگ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ساتھ ہی انتظامیہ سے لواحقین کے ساتھ انصاف کرنے کی اپیل دہرائی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .